(24نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز کیلئے خصوصی الاؤنس کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے بینک آف پنجاب کا بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل کرنے کی منظوری دیدی، اس کے علاوہ مزار بی بی پاکدامن کے راستے کو کشادہ کرنے کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل مرحوم کی بیوہ کو جی او آر ون میں الاٹ کئے گئے گھر کا فوری قبضہ دیا جائے گا، اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2023ء کے دوبارہ اجراء کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
پنجاب لیبر کورٹ ساہیوال اور فیصل آبادمیں پریزاڈینگ آفیسرز کے عہدوں پر تقرری کی منظوری دی گئی ہے، ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ لاہور میں پریزائیڈنگ آفیسر کے عہدے پر نامزدگی کی منظوری دی گئی ہے۔
پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ پنجاب ڈیلیگیشن آف فنانشل پاورز رولز 2016ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی ہے۔
صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی ہے۔