نگران حکومت نے لاپتہ افراد سے متعلق حکومتی کمیٹی فعال کردی

Jan 24, 2024 | 18:19:PM

(اویس کیانی) نگران حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد اور جبری گمشدگیوں سے متعلق حکومتی کمیٹی کو فعال کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جبری گمشدگیوں سےمتعلق پانچ رکنی حکومتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، کابینہ ڈویژن نے نگران وفاقی کابینہ کا فیصلہ وزارت داخلہ کو بھجوا دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون و انصاف ہوں گے جبکہ ارکان میں وزیر دفاع اور وزیر قومی ورثہ و ثقافت اور وزیر انسانی حقوق شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم نے اہم وزیر کو وزیر داخلہ کا بھی قلمدان سونپ دیا

کمیٹی میں ایک ماہر قانون یا انسانی حقوق تنظیموں کا نمائندہ بھی شامل ہوگا جبکہ کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی، اس کے علاوہ کمیٹی کیلئے وزارت داخلہ سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی اور حکومتی کمیٹی جبری گمشدگیوں کے کیسز کا جائزہ لے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نگران وزیر داخلہ جبری لاپتہ افراد سے متعلق کمیٹی کے سربراہ تھے۔

مزیدخبریں