محسن نقوی کے فلاحی اقدامات اور پولیس کی ٹرانسفارمیشن، پنجاب پولیس نے خراج تحسین کیلئے ویڈیو ریلیز کردی

Jan 24, 2024 | 20:14:PM

(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ سید محسن نقوی کے دور حکومت میں پولیس کی ٹرانسفارمیشن، اصلاحات اور فلاحی اقدامات کے حوالے سے پنجاب پولیس نے خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ویڈیو ریلیز کردی۔

خیال رہے کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دور حکومت کے دور میں تمام 737 تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول منتقل کیا گیا جبکہ 97 فیصد شہریوں نے سپیشل انیشیٹو تھانوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ پنجاب بھر میں 40 سمارٹ پولیس اسٹیشنز بنانے کی منظوری دی گئی اور کانسٹیبل سے ایس پی رینک تک 20 ہزار پروموشنز کی گئیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے اب تک کے دور حکومت میں ملازمین کے سروس سٹرکچر، ریگولرائزیشن سمیت بھرتیوں کے عمل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں 151 خدمت مراکز، 36 میثاق سنٹرز اور 39 تحفظ مراکز قائم کیے گئے جبکہ گذشتہ پانچ برسوں میں 2 کروڑ 5 لاکھ شہری خدمت مراکز سے مستفید ہوئے اور گزشتہ ایک سال میں 1 کروڑ سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے استفادہ حاصل کیا۔

اسی طرح 737 تھانوں، 360 پٹرولنگ پوسٹ ،151 خدمت مراکز پر لائسنس اجراء کی سہولت دی گئی جس سے 40 لاکھ سے زائد شہریوں نے ای لائسنس سروس سے استفادہ حاصل کیا۔

اس دوران 130 نئے لائسنس سنٹرز بنائے اور لائسنسنگ کی شرح میں 25 سو فیصد اضافہ ہوا۔

امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید 21 شہروں تک بڑھایا گیا۔

اسی طرح تین پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز میں 100 سے زائد جانوروں کو ریسکیو کیا گیا۔

عوام کو لائسنسنگ کی مزید بہتر سہولیات دینے کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول کو بھی  ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے اختیارات دیے گئے جبکہ پنجاب ہائی وے پٹرول کو چالاننگ اور ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے اختیارات بھی دیے گئے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دور حکومت میں سی ٹی ڈی کی ری ویمپنگ کی گئی اور 425 دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر 650 کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

اسی طرح ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ اور ڈی آئی جی ایڈمن لاہور کے عہدے بنائے گئے جبکہ 32 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کی ٹریننگ عمل میں لائی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایات پر پنجاب پولیس نے ایک سال میں 65 ہزار ایکڑ سے زائد کچہ کا علاقہ کلیئر کروایا جبکہ بیرون ملک مفرور 150 سے زائد اشتہاریوں کو انٹرپول کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔

پانچ ہزار905 کریمنل گینگز اور 650 خطرناک مجرمان گرفتار کیے گئے جس کے بعد پنجاب میں 27 فیصد اور صورف لاہور میں 43 فیصد جرائم میں کمی ہوئی۔

اسی طرح 171 شہید میڈلز، 218 غازی میڈلز اور اہلکاروں کو 12 بہادری میڈلز دیے گئے۔

پنجاب پولیس کے تمام دفاتر کی تزئین و آرائش کا کام کروایا گیا اور لاہور میں دو مقامات پر پولیس ملازمین کیلئے رہائشی فلیٹس مکمل کروائے گئے۔

مزیدخبریں