(علی ساہی) لاہور سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 سے مزید دو امیدوار عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار ہوگئے اور ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔
پنجاب اسمبلی کے لاہور سے حلقے پی پی 149 سے آزاد امیدوار ڈاکٹر ناصر اور ملک شفیق استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار ہوتے ہوئے بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔
اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے گڑھی شاہو، گھوڑے شاہ، شالامار لنک روڈ سمیت 6 یوسیزسے نمائندہ وفود نے ملاقاتیں کیں اور پی پی 149 میں عبدالعلیم خان کی حمایت کا وعدہ کیا۔
اس موقع پر سابق ایم پی اے محمد شعیب صدیقی اور سابق ناظم حاجی تسنیم شفیع بھی موجود تھے۔
عبدالعلیم خان نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 149 کا حلقہ میرا پہلا تعارف ہے، علاقے کو مزید نکھاریں گے، ووٹرز کی مشکلات ختم کرنے کیلئے محنت کرنا اخلاقی اور دینی فریضہ ہے، یہاں کی سیاسی ٹیم 20 برسوں سے میرے ساتھ کارکنان سے دیرینہ تعلق ہے۔
وفود میں شامل افراد کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان نے خدمت خلق کا کام اپنی جیب سے کیا، عوام اُن سے راضی ہیں۔