لاہورمیں موسم خوشگوار، کراچی میں سردی پھر رنگ جمانے لگی
عالمی آلودہ ترین شہروں میں لاہور 5ویں اور کراچی نویں نمبرپر،بارش کاامکان نہیں،محکمہ موسمیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فاطمہ خان،اقصیٰ شیخ)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کاامکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرداورخشک رہے گا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے جبکہ رات کے اوقات میں بہاولنگر، بہاولپور، اوکاڑہ اور ساہیوال میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداورخشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہورشہر پر سورج مہربان اورجنوری کی خنک ہواؤں کیساتھ علی الصبح دھیمی دھوپ سے موسم خوشگوار ہوگیا،شہر میں تازہ اور ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ ہلکی دھوپ بکھر گئی اوردرجہ حرارت ۹ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۱۹ ڈگری تک جائے گا،ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ہے جبکہ 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کی کوئی پیشنگوئی نہیں ہے۔
عالمی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور 5ویں نمبر پر ہے جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 185 ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری طرف کراچی میں سردی ایک بار پھر اپنے رنگ جمانے لگی ہے،شہر قائد میں یخ بستہ ہواؤں کے ڈیرے ہیں اورشہر میں گزشتہ رات سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق سردی کی حالیہ لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی،ہفتے اوراتوار کو شہر میں کڑاکے کی سردی پڑے گی اورپارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اور 26 جنوری کو شہر میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی،موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمال مشرقی سمت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: جبل نور القرآن میں رکھے گئے قرآن پاک کے قدیم نسخے چوری ہوگئے
اے کیو آئی کے مطابق لاہور کی طرح کراچی کا فضائی معیار بھی بدستور مضر صحت ہےاوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
اے کیو آئی کے مطابق کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں سر فہرست مائے کولاچی، دوسرے نمبر پر کورنگی اور تیسرے نمبر شاہرہ فیصل موجود ہیں۔
ملک میں سردی کی شدت برقرار ہے،تاہم پہاڑوں پر ہر سو برف کی سفیدی چھائی ہوئی ہے، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے ہے،سب سے زیادہ سردی لہہ اور گوپس میں ہے جہاں پارہ منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسی کے ساتھ لہہ اور گوپس ملک کے سرد ترین علاقے قرار دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پٖڑھیں:ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی فیس میں اضافہ
استور، کالام، اسکردو، مالم جبہ، کوئٹہ اور قلات میں بھی شدید سردی کا راج برقرار ہے۔
وادی کاغان اور شوگران میں جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سیاحتی مقام شوگران میں طویل عرصہ تک خشک سالی کے بعد برفباری نے وادی کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے ،ہر طرف برف کے دلفریب نظاروں سے سیاح لطف اندوزہورہے ہیں ۔
دوسری جانب کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پہلی بار شوگران روڈ کو سیاحوں کی چھوٹی گاڑیوں کے لیے بھی بحال کررکھا ہے،سیاح ایک دوسرے پر برف کے گولے پھینک کر بھی ہلہ گلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔