ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد ،اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
( احتشام کیانی)سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کر دی اور اس پیشرفت سے اب اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی جس دوران ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ان کے امریکی وکیل کلائیو اسمتھ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وکیل درخواست گزار عمران شفیق اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کر دی، امریکا نے پاکستان کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کے معاہدے سے انکار کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی اپنی رہائی کیلئے جوبائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل
جسٹس سردار اعجاز اسحاق کے ریمارکس دیئے کہ امریکا ہمیں ہماری اوقات دکھا رہا ہے، سابق امریکی صدر نے اپنے بیٹے کی سزا تو معاف کر دی لیکن ہمارے قیدی کو رہا نہیں کیا۔
وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جبکہ امریکا میں پاکستانی سفیر کی ڈاکٹر عافیہ سے متعلق ملاقاتوں میں شرکت نہ کرنے پر بھی جواب جمع کرایا گیا۔ وزارت خارجہ نے عدالتی سوالات کے جوابات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔