(ویب ڈیسک)پاکستان سے فرار ہو کر بھارت جا بسنے والی خاتون سیما حیدر کے بچوں کو وطن واپس لانے کیلیے بھارت میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن نے اہم اقدامات کیے۔
چند روز قبل سیما حیدر کے پہلے شوہر غلام حیدر کا ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے بچوں کی حوالگی کیلیے اقدامات کرے۔
صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی سیما حیدر سال 2023 میں اپنے چار بچوں کے ہمراہ نیپال کے راستے بھارت فرار ہوئی تھیں۔
انہوں نے ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا کے رہائشی سچن نامی نوجوان سے شادی کی جن سے ان کی دوستی آن لائن ویڈیو گیم کے ذریعے ہوئی تھی۔
دوسری جانب خاتون کے پہلے شوہر غلام حیدر بچوں کی حوالگی کیلیے کوششیں کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے بھارت میں ایک وکیل کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔
آج بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے غلام حیدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کے بچوں کو وطن واپس لانے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ہائی کمیشن نے کہا کہ بھارتی حکومت کو بچوں تک رسائی کےلیے خطوط لکھ دیے ہیں اور امید ہے جلد بچوں تک ہائی کمیشن کے رسائی دے گی،انہوں نے کہا کہ غلام حیدر کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی جبکہ خاتون کے پہلے شوہر نے بچوں کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میری تین بیٹیوں سمیت چار بچوں کو غیر قانونی بھارت منتقل کیا گیا ہے اور ہائی کمیشن فی الفور میرے بچے واپس لانے کیلیے اقدامات اور مدد کرے۔
مزید پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی فیس میں اضافہ