نوازشریف نے بجلی بحال کی تھی عمران نے لوڈشیڈنگ بحال کردی : مریم نواز

Jul 24, 2021 | 22:05:PM

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ مجھے یقین ہے ضمنی الیکشن میں جیت ن لیگ کی ہوگی،ووٹ کوعزت کیسے دی جاتی ہے یہ ڈسکہ والوں نے بتادیاہے،آزادکشمیرمیں بھی جگہ جگہ سیالکوٹ اورڈسکہ کویادکیا،آج ایک بارپھر14،14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، نوازشریف نے بجلی بحال کی تھی اس نے لوڈشیڈنگ بحال کردی ہے۔
سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ جلسے میں موجود شرکا کا جذبہ الیکشن کا نہیں انقلاب کا ہے،خواجہ آصف نے جیلیں کاٹیں، سختیاں جھیلیں لیکن نوازشریف کاساتھ نہیں چھوڑا،طارق سبحانی کو دیکھ کر ویسے ہی اسے ووٹ دینے کودل کرتا ہے،مجھے یقین ہے طارق سبحانی جیت کر سیالکوٹ کے عوام کی خدمت کریں گے،یقین ہے طارق سبحانی جیت کر سیالکوٹ کے عوام کی خدمت کریں گے۔
مریم نواز نے کہاکہ ووٹ کو عزت کیسے دی جاتی ہے یہ ڈسکہ اور سیالکوٹ کے عوام نے بتا دیا ہے ،ن لیگ کے جلسوں سے حکمران خوفزدہ ہیں، سلیکٹڈمسلم لیگ ن کے پیچھے بھاگا بھاگا آزادکشمیر گیا، اس نے دیکھا مسلم لیگ ن کشمیر میں بڑے بڑے جلسے کررہی ہے،اس نے کروڑوں روپے خرچ کئے لیکن جلسہ تو کیا جلسی بھی نہ کر سکا،عوام فیصلہ کریں ،نوازشریف دورمیں آٹاکتنے کاتھااورآج کتنے کاہے؟
مرکزی نائب صدر ن لیگ نے کہاکہ تین سال میں کیا کارنامے کئے جو کشمیر میں ووٹ مانگنے پہنچ گئے، تین سال بعد بھی اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے ایک دھیلے کی چیز نہیں ہے،آج ایک بارپھر14،14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، نوازشریف نے بجلی بحال کی تھی اس نے لوڈشیڈنگ بحال کردی ہے،اپنے وزراکی تنخواہوں میں لاکھوں کا اضافہ کیا، عوام کو کہتے ہو 20ہزار میں اپنا بجٹ بناﺅ۔
مریم نواز نے کہاکہ افغان مشیرنے نوازشریف سے ملاقات کیاکی ان کی سانسیں پھول گئیں،آج پاکستان میں عوامی طاقت نوازشریف کے پاس ہے،آپ غدارکہیں لیکن عوام نوازشریف کوسب سے بڑامحب وطن سمجھتے ہیں،عمران خان کا گزارہ اے ٹی ایمز سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے لندن میں بیٹھ کران کے گھرخیبرپختونخوامیں گھس کرمارا،عمران خان کے وزیردفاع اپنے دفاع کے قابل نہیں رہے،مریم نواز کاکہناتھا کہ قوم فیصلہ کرچکی ہے کہ اس ملک کاماضی حال اورمستقبل صرف نوازشریف ہیں،28جولائی ووٹ چوروں کے حساب و کتاب کا دن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کو سی پیک سے متعلق بیان دینے کا کوئی حق نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

مزیدخبریں