پارٹی لیڈر کا فیصلہ حتمی ،فضل الرحمان کا ڈپٹی سپیکر رولنگ کیخلاف درخواست میں فریق بننے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ پارٹی لیڈر ہی آخری فیصلوں کا اختیار رکھتا ہے،مطالبہ کرتے ہیں یہ کیس تین رکنی بنچ کے بجائے فل کورٹ سنے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے مقدمے میں فریق بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب اہمیت کا حامل ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا معاملہ فوری عدالت لے جانا باعث تشویش ہے، اپنے قانونی ماہرین کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
صدر پی ڈی ایم نے کہاکہ نئی نئی باتیں عدالتی ماحول سے عام آدمی کے کانوں میں پڑتی ہیں،ان کا کہناتھا کہ پارٹی لیڈر ہی آخری فیصلوں کا اختیار رکھتا ہے، پوری دنیا میں وزیر اعظم یاپارٹی صدر ہی آخری فیصلہ کرتا ہے ،آج نئی بحث چھیڑ دی گئی ہے کہ پارلیمانی پارٹی لیڈر ہی سب کچھ ہے، بعض اوقات پارٹی سربراہ ایوان سے باہر ہوتا ہے مگر نگرانی وہی کرتا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مونس الٰہی فوری ہار مان کر خط کا مطلب سمجھ لیتے ہیں اس بات کی سمجھ ججوں کو نہیں آرہی،سربراہ پی ٹی ایم نے کہاکہ مطالبہ کرتے ہیں یہ کیس تین رکنی بنچ کے بجائے فل کورٹ سنے،یہ حکومتی اتحاد کا مطالبہ ہے ایسا فیصلہ عام لوگوں کا ذہن قبول نہیں کرتا،شاید تین یا پانچ رکنی بنچ کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہو سکے گا۔
ان کا کہناتھاکہ ریاست بیرونی نہیں اداروں کی سیاسی مداخلت کی وجہ سے کمزور ہو رہی ہے ،حکومت کو ڈسٹرب کیا جارہا ہے،حکومت کو حکومت کرنے دیں،مداخلت سے حکومتی نظام مفلوج ہوتا ہے تو کوئی ادارے کام نہیں کرے گا، بالادستی دکھانے کی خواہش نے اداروں کو نقصان پہنچایا ہے،عمران خان کی پوری زندگی جھوٹے بیانیے پر کھڑی ہے،ان کا مشن ریاست اور اس کے نظریے کو تباہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف درخواستوں پر سماعت کل ، چودھری شجاعت اسلام آباد روانہ