حکومت نے صحافیوں کیلئے ہیلتھ رجسٹریشن فارم جاری کردیا

Jul 24, 2023 | 15:23:PM

(24 نیوز) حکومت کی جانب سے صحافیوں کیلئے ہیلتھ رجسٹریشن فارم جاری کردیا گیا ہے۔ جس کا باقاعدہ آغاز وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ورکنگ جرنلسٹس کی رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کیا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے صحافیوں کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈ مختص کیے ہیں، وزیراعظم صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کیلئے بہت فکرمند تھے، صحافیوں کی رجسٹریشن کیلئے عمل شروع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف 7 اگست کو صحافیوں کے ہیلتھ انشورنس پروگرام کا اجراء کریں گے، وزارت اطلاعات کو ذمہ داری دی ہے کہ اس پر عمل درآمد کرایا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: چین،روس میں پاکستان کے نئے سفیر تعینات

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہیلتھ رجسٹریشن فارم میں تمام چیزیں شامل کی گئی ہیں جن سے ورکنگ جرنلسٹس کا تعین کیا جائے گا کہ وہ کس ادارے میں ہیں، ماہانہ آمدنی کتنی ہے اور گھریلو اخراجات کتنے ہیں، تمام صحافی اس سے مستفید ہوں کیونکہ اس کارڈ میں تمام سہولیات شامل کی گئی ہیں اور اس پر انتہائی شفاف طریقے سے عمل درآمد ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ صحافیوں کے ہیلتھ انشورنس، تنخواہوں اور ملازمت کا مسئلہ ہمیشہ رہا ہے، اتحادی حکومت کے دور میں صحافیوں کو تھپڑ نہیں لگے، پسلیاں نہیں ٹوٹی، گولیاں نہیں لگیں اور نہ ہی صحافی اغوا ہوئے بلکہ میڈیا آزادی پر 7 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ہم سے جو کچھ ہوسکتا تھا ہم نے کیا ہے اور مزید بہتر بھی ہوسکتا ہے کیونکہ ہم نے آپ (صحافیوں) کے ساتھ سیادہ دور بھی دیکھا ہے، میڈیا پر پابندی کا دور بھی دیکھا ہے۔

مزیدخبریں