ٹوئٹر نے اپنا لوگو تبدیل کردیا، ایلون مسک کا اعلان

Jul 24, 2023 | 15:43:PM
ٹوئٹر نے اپنا لوگو تبدیل کردیا، ایلون مسک کا اعلان
کیپشن: ایلون مسک نے گزشتہ روز ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ٹوئٹر کا لوگو بدل رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نہ صرف اپنا لوگو تبدیل کردیا بلکہ اس کے مالک نے اس کا نام بھی بدل دیا ہے۔

کمپنی کے مالک ایلون مسک نے اپنی پروفائل امیج پر بھی نیا لوگو ظاہر کردیا اور اپنی ٹوئٹر بائیو میں ایکس ڈاٹ کام شامل کردیا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر کا اب نیا نام ایکس ہوگا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ روز ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ٹوئٹر کا لوگو بدل رہے ہیں، کیوںکہ وہ کمپنی کو ایک نئے اور جدید برانڈ کی طرح چلانا چاہتے ہیں۔ ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ کل ایکس (X) لوگو پوری دنیا میں لائیو کردیا جائےگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ درحقیقت ایسا بہت پہلے ہو جانا چاہیئے تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم بہت جلد ٹوئٹر برانڈ اور اس کے ساتھ تمام پرندوں کو الوداع کہہ دیں گے۔ ایلون مسک کے اس پیغام کا عملی نمونہ آج دنیا بھر میں لائیو ہوچکا ہے، جب ٹوئٹر کا لوگو اور نام دونوں ہی تبدیل کردیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: اینڈرائیڈ موبائل کا جدید فیچر چیٹ جی پی ٹی ایپ لانچ ہونے کیلئے تیار

دریں اثنا ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکازینو نے بھی سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم کیلئے نئے لوگو کی تصویر اپنے ایک ٹوئٹ میں ظاہر کردی ہے، جسے ٹوئٹر پر پرندے کے لوگو سے تبدیل کردیا گیا ہے۔  

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے بعد اس غیرمعمولی تبدیلی کے نتیجے میں ٹوئٹر اب خودمختار کمپنی کے بجائے نئی کمپنی ایکس کارپوریشن کا حصہ بن جائے گی۔ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’یہ بہت غیر معمولی بات ہے کہ زندگی یا کاروبار میں آپ کو مزید بڑا تاثر بنانے کیلئے دوسرا موقع ملے۔ ٹوئٹر معمولات پر بہت گہرا اثرانداز ہوا اور اس نے ہمارے روابط کا طریقہ بدل ڈالا۔ اب ایکس (X) مزید آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدے جانے کے بعد اس سے پہلے بھی کئی اہم تبدیلیاں کی جا چکی ہیں، تاہم لوگو اور نام بدل دینا اکتوبر 2022ء میں ہونے والی اس ڈیل کے بعد سب سے بڑی تبدیلی ہے۔