گھر سے چوری کیلئے کچھ نہ ملنے پر چور مالک کیلئے 500 روپے چھوڑ گئے

Jul 24, 2023 | 16:29:PM

(ویب ڈیسک) ہنسی مذاق کے طور پر تو کنجوس دوست کو پیسے دینے کے واقعات ہم نے اکثر سنے ہیں لیکن اب چوروں کی جانب سے کنگال مالک مکان کیلئے پیسے چھوڑنے کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ،جہاں چوری کی نیت سے گھر میں گھسنے والے چوروں کے ہاتھ کچھ نہ لگا تو وہ پیچھے 500 روپے چھوڑ گئے،دہلی پولیس کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی میں 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب پیش آیا جب چور ایک بزرگ کے گھر رات گئے گھسے لیکن چوری کے قابل کچھ نہ ملنے کے بعد چور 500 روپے کا نوٹ رکھ کر چلے گئے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گھر 80 سالہ ریٹائرڈ انجینئر ایم رام کرشنا کا تھا جنہوں نے پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی جس کے مطابق 19 جولائی کی شام کو وہ اپنی بیوی کے ساتھ گروگرام میں رہنے والے اپنے بیٹے سے ملنے گئے تھے۔

21 جولائی کی صبح انہیں ان کے پڑوسی کا فون آیا جس نے ان کے گھر میں چور گھسنے کی اطلاع دی جس کے فوراً بعد وہ اہلیہ سمیت اپنے گھر پہنچے جہاں انہیں مین گیٹ کا تالا ٹوٹا ہوا ملا، اندر گئے تو پتا چلا کہ چور کچھ بھی چرانے میں ناکام رہے تھے۔

ا نہوں نے پولیس کو بتایا کہ کچھ بھی چوری نہیں ہوا لیکن انہیں مین گیٹ کے قریب 500 روپے کا نوٹ پڑا ملا، ساتھ انہوں نے بتایا کہ گھر پر کسی قسم کا قیمتی سامان موجود نہیں ہے،پولیس کی جانب سے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں