مصباح الحق چیئرمین پی سی بی کے مشیر مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حافظ شہبازعلی) مصباح الحق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف کے کرکٹ امور کیلئے مشیر مقرر ہوگئے۔
سابق کپتان مصباح الحق نے ذکاء اشرف کا ایڈوائزر بننے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ ذمہ داریاں بلا معاوضہ انجام دیں گے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ذکاء اشرف سے آج پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے مجھے بورڈ میں پرکشش تنخواہ پر کام کرنے کی آفر کی مگر میں نے پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے فل ٹائم کام سے معذرت کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ورلڈ کپ میں پاکستان فیورٹ ٹیموں کی فہرست میں ہے، ہرشل گبز
مصباح الحق نے کہا کہ ذکاء اشرف نے انہیں بطور مشیر کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کرنے کو کہا جو میں نے قبول کرلیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا اپنے تجربے کی روشنی میں جو بھی ممکن ہوسکا پی سی بی کے ڈومیسٹک اور دوسرے کرکٹ معاملات ٹھیک کرنے کیلئے تجاویز دوں گا۔ یہ سب کچھ اعزازی ہوگا اور ایک پائی بھی بورڈ سے نہیں لوں گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ لگانے کا فیصلہ ہوا ہے، مصباح الحق کی مشاورت سے ہی کرکٹ کمیٹی کے اراکین کو شامل کیا جائے گا، پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی تقرری کا آئندہ چند روز میں اعلان متوقع ہے جس میں وقار یونس اور محمد حفیظ کی شمولیت بھی زیر غور ہے، ان کی مشاورت سے ہی چیف سلیکٹر بھی مقرر کیا جائے گا۔