پاکستان میں سیاسی گرفتاریوں پر امریکا پریشان کیوں ہے؟

ہفتہ وار بریفنگ میں امریکی ترجمان برائے محکمہ خارجہ نے صحافی کے سوال پر تشویش کا اظہار کردیا

Jul 24, 2024 | 11:06:AM
پاکستان میں سیاسی گرفتاریوں پر امریکا پریشان کیوں ہے؟
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر امریکا کو تشویش ہونے لگی ۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر سے ایک صحافی نے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری سے متعلق خبریں دیکھی ہیں۔ جب بھی ہم اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار ہوتا دیکھتے ہیں تو اس پر ہمیشہ ہمیں تشویش ہوتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء رؤف حسن کی گرفتاری کے وقت سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں پولیس اہلکاروں کی ایک بھاری نفری کو پی ٹی آئی کے دفتر کے باہر دیکھا جاسکتا ہے۔
امریکی ترجمان نے صحافی کو بتایا کہ مجھے ذاتی طور پر بھی پریشانی ہوئی جب میں نے ایک ترجمان کو گرفتار ہوتے دیکھا۔ہم آئین اور جمہوری اصولوں کی پاسداری کی حمایت کرتے ہیں، جس میں قانون کی حکمرانی، انصاف کا بول بالا، انسانی حقوق کا تقدس، جس میں آزادی اظہار رائے اور اجتماع کی آزادی شامل ہے۔
امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق ان اصولوں کے تقدس کو یقینی بنایا جائے۔گذشتہ چند دنوں میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا سے وابستہ کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ضرورپڑھیں:پولیس سٹیٹ بن چکی،کوئی قاعدہ ہے نہ قانون! چیف جسٹس کے پی ٹی آئی کارکنوں کی بازیابی کی درخواست پر ریمارکس
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی ترجمان متعدد بار پاکستان تحریک انصاف سے متعلق صحافیوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دے چکے ہیں۔میتھیو ملر نے اپنی ایک گذشتہ پریس بریفنگ میں تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے سے متعلق حکومت پاکستان کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک پیچیدہ سیاسی عمل کا آغاز قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے دعوؤں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی قرارداد کو حقائق سے منافی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کو اسلام آباد میں جماعت کے مرکزی سیکریٹریٹ سے پولیس نے گرفتار کیا ہے اور اس وقت وہ دو روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔