بغیر انٹرنیٹ کے واٹس ایپ پر فائلز شیئر کرنے کی سہولت کا آغاز

Jul 24, 2024 | 22:53:PM
بغیر انٹرنیٹ کے واٹس ایپ پر فائلز شیئر کرنے کی سہولت کا آغاز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) واٹس ایپ میں آئی فون کے ایئر ڈراپ جیسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے، اس کی مدد سے اب بغیر انٹرنیٹ کے فائلز شیئر کی جا سکتی ہیں۔

اس فیچر کو سب سے پہلے رواں برس اپریل میں واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں دیکھا گیا تھا، اب اس کی آزمائش آئی او ایس بیٹا ورژن میں شروع کی گئی ہے اور اس کا نام نیئر بائی شیئر رکھا گیا ہے۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین مختلف فائلز جیسے تصاویر، ویڈیوز اور ٹیکسٹ ڈاکومنٹس انٹرنیٹ کے بغیر قریب موجود سمارٹ فونز سے شیئر کرسکیں گے، جی ہاں واقعی انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی واٹس ایپ کے ذریعے فائلز کو دیگر سمارٹ فونز سے شیئر کرنا ممکن ہو جائے گا۔

یہ فیچر بہت کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے ناقص انٹرنیٹ کوریج یا انٹرنیٹ نہ ہونے پر بھی بڑی فائلز دوستوں یا پیاروں کیساتھ شیئر کی جاسکیں گی، البتہ اینڈرائیڈ کے مقابلے آئی فونز میں یہ فیچر ذرا مختلف انداز سے کام کرے گا، اینڈرائیڈ پر یہ فیچر ائیر ڈراپ کی طرح ہی کام کرے گا۔

دوسری جانب اس کے مقابلے میں آئی فونز میں اس فیچر کے لیے ضروری ہوگا کہ صارفین ایک کیو آر کوڈ کو سکین کریں گے، یہ ابھی واضح نہیں کہ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ نے کیو آر کوڈز کا انتخاب کیوں کیا۔

نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب دیگر افراد کی جانب سے شیئر کی درخواست کو منظوری دی جائے گی، اس فیچر کے تحت صرف ان افراد سے فائلز شیئر کرنا ممکن ہوگی جو صارف کی کانٹیکٹ لسٹ میں موجود ہوں گے، تمام شیئر فائلز کو انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا تاکہ کسی تیسرے کی ان تک رسائی نہ ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ،فیس بک سست کیوں؟فائر وال کی تنصیب کا فائدہ کیا ہوگا؟ پیسے کون دے گا؟پی ٹی اے نے اہم انکشاف کردیا

واضح رہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش واٹس ایپ کے ’بیٹا ورژن‘ میں ہو رہی ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک اسے تمام افراد کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔