(24 نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ دنیا میں دیرپا امن وسلامتی کیلئے خطے میں دیرینہ تصفیہ طلب مسائل حل کرنا ہونگے، بین الاقوامی تعاون سے ہی پیچیدہ علاقائی مسائل کا حل ممکن ہے ۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آذربائیجان، ترکی کے بعد سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جرمن وزیر خارجہ ہیکوماس سے ملاقات کی، اس موقع پرپاکستان اور افغانستان کیلئے جرمن نمائندہ خصوصی مارکس پوٹزل بھی موجود تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگوہوئی، اس کے علاوہ افغان امن عمل میں پیشرفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر غورکیاگیا۔
آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہاکہ پاکستان جرمنی کیساتھ اپنے تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے اوردوطرفہ سطح پر تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جرمن اعلیٰ حکام نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستانی کاوشوں کو سراہا،جرمن حکام نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسمت دینے کے عزم کااظہارکیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے کمانڈ اینڈسٹاف کالج جرمنی کا دورہ کیا،آرمی چیف کا جرمن کمانڈاینڈسٹاف کالج آمد پر پرتپاک استقبال کیاگیا،کالج کمانڈنٹ میجر جنرل اولیور کوہل نے آرمی چیف کاخیرمقدم کیا۔
آرمی چیف نے طلبا اور اساتذہ سے پاکستان کی داخلی علاقائی سلامتی کے تناظر میں خطاب بھی کیا،آرمی چیف نے پاکستان کو درپیش خطرات، تدارک کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
جنرل باجوہ نے کہاکہ دنیا میں دیرپا امن وسلامتی کیلئے خطے میں دیرینہ تصفیہ طلب مسائل حل کرنا ہونگے،بین الاقوامی تعاون سے ہی پیچیدہ علاقائی مسائل کا حل ممکن ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کورونا وبا کیخلاف پاکستانی اقدامات پر بھی گفتگو کی، جنرل باجوہ نے کہاکہ حکومت ریاستی اداروں کیساتھ ملکر ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے ۔۔عمران خان