سدھو موسے والا قتل کیس میں نیا موڑ سامنے آ گیا

Jun 24, 2022 | 11:21:AM
فائل فوٹو
کیپشن: گینگسٹر لارنس بشنوئی کا سدھو موسے والا کے قتل کا اعتراف
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بھارت کے معروف پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

تفصیلات کے  مطابق بھارتی  پنجاب پولیس نے بتایا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ تھا اور گزشتہ برس اگست سے اس کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔پنجاب پولیس کے آفیسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہم نے حال ہی میں لارنس بشنوئی کو اس کیس میں گرفتار کیا تھا اور اس کے ریمانڈ میں 27 جون تک توسیع کر دی گئی تھی۔  

پولیس آفیسر نے بتایا کہ رواں سال جنوری میں بھی شوٹرز کا ایک مختلف گروپ موسے والا کو قتل کرنے آیا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ قتل کو انجام دینے کا منصوبہ گزشتہ برس اگست سے بنایا جا رہا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے  ہم نے ملزم پریاورت عرف فوجی کی شناخت کی ہے،  ہم نے اب تک 13 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور پوری سازش کا پردہ فاش کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجابی گلوکار کو 29 مئی کو ضلع مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔سدھو موسے والا کے قتل کے ایک دن بعد لارنس بشنوئی نے اپنے وکیل کے ذریعے سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

 یاد رہے کہ  زیرحراست مرکزی قاتل پریاورت عرف فوجی ان گینگسٹرز کی قیادت کر رہا تھا جنہوں نے موسے والا پر فائرنگ کی۔ اس نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ 27مئی کے روز سدھو موسے والا ایک مقدمے کے سلسلے میں عدالت گیا تھا۔ عدالت جانے کے لیے وہ اکیلا ایک کار میں گھر سے نکلا تھا۔ملزم نے بتایا ہے کہ اس دن بھی 29مئی کو پیچھا کرنے والی دونوں گاڑیوں نے موسے والا کا تعاقب شروع کیا لیکن موسے والا گاﺅں کی لوکل سڑک چھوڑ کر ہائی وے پر چلا گیا اور بہت تیزرفتاری سے گاڑی چلانے لگا جس کی وجہ سے ملزمان کی منصوبہ بندی ناکام ہو گئی تھی۔