موت کے بعد سدھو موسے والا کا آخری گانا ریلیز

Jun 24, 2022 | 11:39:AM

(ویب ڈیسک )بھارت کے معروف پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کی موت کے تقریباََ ایک ماہ کے بعد اُن کا آخری گانا ریلیز کردیا گیا جو ریلیز ہوتے ہی وائرل ہو گیا۔ سوشل میڈیا صارفین اور ان کے مداح گانے کو سن کر ایک بار پھر سے آ بدیدہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سدھو موسے والا کا قتل بھارتی میوزک انڈسٹری کے سب سے افسوسناک واقعات میں سے ایک ہے، پنجابی گلوکار کو 29 مئی کو پنجاب کے ضلع مانسا میں حملہ آوروں نے قتل کر دیا تھا اور اس کے بعد سے سوشل میڈیا پر آنجہانی گلوکار کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹس اور پوسٹس کی بھرمار ہے۔ 

اب سدھو موسے والا کی موت کے تقریباً ایک ماہ بعد ان کا نیا گانا ریلیز ہوا ہے۔ جس کا عنوان ’’ایس وائی ایل‘ ہے اور یہ سدھو موسے والا کا پہلا گانا ہے جو بدقسمتی سے اُن کی موت کے بعد ریلیز ہوا ہے۔

اس گانے کو خود سدھو موسے والا نے گایا، لکھا اور کمپوز کیا اور گزشتہ روز جیسے ہی یہ گانا ریلیز ہوا تو مداح جذباتی ہوگئے۔سدھو موسے والا کے یوٹیوب چینل پر اُن کے نئے گانے کو صرف 15 گھنٹے میں 13 ملین سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔مداحوں کی جانب سے سدھو موسے والا کی یاد میں جذباتی تبصرے کیے جارہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ ’لیجنڈز کبھی مرتے نہیں‘۔

واضح رہے کہ پولیس سدھو موسے والا کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اس معاملے میں ملوث ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بشنوئی کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار سے رابطے میں ہے جس نے فیس بک پوسٹ میں سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

مزیدخبریں