ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ،جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ،جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
میزبان ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا تھا۔میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد جنوبی افریقا کا ہدف 136 سے 123 ہوگیا جو کے 17 اوورز میں مکمل کرنا تھا۔
سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ 2 کے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،یہ میچ ناک آؤٹ میچ کی صورت اختیار کر گیا تھا کیونکہ جیتنے والی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا تھا جب کہ اب ویسٹ انڈیز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
جنوبی افریقا کی دعوت پر ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے،ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز 52 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ کائل میئرز نے 35، آندرے رسل نے 15 رنز بنائے۔
شائے ہوپ صفر، نکولس پورن اور کپتان پاوول ایک، ایک ، عقیل حسین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ الزاری جوزف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،جنوبی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، یانسن، مارکرم، مہاراج اور رباڈا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ گروپ 2 سے انگلینڈ نے امریکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج اس میچ کے بعد ہوجائے گا۔