یہ تو ماننے والی بات ہے پی ٹی آئی نے انتخابات میں بہت غلط فیصلے کئے،جسٹس منصور علی شاہ

Jun 24, 2024 | 17:55:PM
یہ تو ماننے والی بات ہے پی ٹی آئی نے انتخابات میں بہت غلط فیصلے کئے،جسٹس منصور علی شاہ
کیپشن: جسٹس منصور علی شاہ ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری)سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ یہ تو ماننے والی بات ہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں بہت غلط فیصلے کئے،پی ٹی آئی نے اپنی غلطیوں کو بار بار دہرایا ہے۔

سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  کی سربراہی میں 13رکنی فل کورٹ نے سماعت کی، کنول شوذب کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ کیا معلوم آزاد امیدوار ایک ایسی جماعت سے منسلک ہونا بہتر سمجھتے ہوں جس کی کوئی سیٹ نہ ہو،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ 86 امیدواروں کو پی ٹی آئی ووٹرز نے ووٹ دیا،86 امیدواروں کو کیوں لگا کہ ایک ہی جماعت سے منسلک ہونا ہے،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ قانون کے مطابق آزاد امیدواروں کو حق تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو جائیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ 86 امیدوار اگر کسی بھی جماعت میں شامل نہ ہوں تو مخصوص نشستوں کا کیا ہوگا؟آزاد امیدوار اگر آزاد رہنا چاہیں تو ان کی سیٹیں خالی نہیں رکھی جاتیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے تمام سیٹیں مختلف جماعتوں میں بانٹ دیں لیکن سنی اتحاد کی روک دیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سلمان اکرم راجہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے کہا پی ٹی آئی نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا آپ تو اپنے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں،وکیل اکرم راجہ نے کہاکہ میں بالکل سمجھتا ہوں کہ ہمیں تحریک انصاف کو ہی دیکھنا چاہیے تھا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ یہ تو ماننے والی بات ہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں بہت غلط فیصلے کیے،پی ٹی آئی نے اپنی غلطیوں کو بار بار دہرایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنہوں نے پریس کانفرنسز نہیں کیں، انھیں اٹھا لیا گیا:جسٹس اطہر من اللہ