(ویب ڈیسک)انڈین اداکار نانا پاٹیکر کے اپنے خلاف ’می ٹو‘ الزامات کی تردید کے بعد اداکارہ تنوشری دتہ نے ردعمل ظاہر کیا ہے اور انہیں ’عادی جھوٹا‘ قرار دیا ہے۔
انڈین میڈیا سے بات کرتے ہوئے تنوشری دتہ نے کہا کہ ’وہ خوفزدہ ہیں۔‘2018 میں تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا تھا کہ 2008 کی فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں نانا پاٹیکر نے اپنے خلاف الزامات سے متعلق سوالات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں جانتا تھا کہ تمام الزامات جھوٹے تھے۔ اس لیے میں ناراض نہیں ہوا۔ جب سب جھوٹ تھا تو میں غصہ کیوں کروں؟ اور وہ سب باتیں پرانی ہیں۔ ہم ان کے بارے میں کیا بات کر سکتے ہیں؟ سب کو حقیقت معلوم تھی۔ میں اس وقت کیا کہہ سکتا تھا جب ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔ اچانک کوئی کہتا ہے کہ تم نے یہ کیا، تم نے یہ کیا۔ میں ان سب باتوں کا کیا جواب دیتا؟ کیا مجھے کہنا چاہیے تھا کہ میں نے یہ نہیں کیا؟ میں سچ جانتا ہوں کہ میں نے کچھ نہیں کیا۔‘
اس خبر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے تنوشری دتہ نے کہا کہ ’انل شرما کی فلم کی شوٹنگ کے دوران وارانسی کے لڑکے کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد پوری دنیا جانتی ہے کہ نانا پاٹیکر کتنا جھوٹا ہے۔ نانا نے پہلے اسے ایسا دکھانے کی کوشش کی جیسے بچے کو تھپڑ مارنا شوٹ کا حصہ تھا اور پھر اس بدسلوکی کو چھپانے کی کوشش پر شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ پھر اچانک یو ٹرن لیا اور آدھے دل سے معافی مانگ لی۔‘
تقریباً چھ سال بعد الزامات کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تنوشری دتہ نے کہا کہ ’میں آپ کو بتاؤں گی کہ کیوں، کیونکہ وہ جانتے کہ میں نانا کے خلاف قتل کی سازش، مجرمانہ دھمکی اور جسمانی نقصان پہنچانے کی ایک اور ایف آئی آر پر غور کر رہی ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اب وہ خوفزدہ ہیں اور بالی وڈ میں ان کا سپورٹ بیس کم ہو گیا ہے۔ وہ تمام لوگ جنہوں نے ان کی حمایت کی تھی یا تو دیوالیہ ہو چکے ہیں یا پھر انہیں خود سے دور کر چکے ہیں۔ لوگ اب ان کی ہیرا پھیری کو دیکھ سکتے ہیں۔ نانا پاٹیکر پیتھولوجیکل جھوٹے ہیں۔‘
اپنے دعوؤں کی حمایت کے لیے تنوشری دتہ نے کئی اداکاروں اور ہدایت کاروں کی مثالیں دیں جنہوں نے ان کے خلاف بات کی ہے اور پوچھا کہ کیا وہ سب جھوٹے ہیں؟