’’صدر جوبائیڈن ،نریندر مودی اور حسینہ واجد ‘‘کا وزیراعظم کو خط
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ،امریکی صدر جوبائیڈن نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی ہم منصب کوتہنیتی خط لکھے ۔اور خواہش ظاہر کی کہ پاکستان کیساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر بنگلا دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے نام خط لکھا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق اپنے خط میں حسینہ واجد نے پاکستان کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش اپنے ہمسایوں بشمول پاکستان کے ساتھ پرامن اور باہمی تعاون پر مشتمل تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آئندہ سالوں میں پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام ترقی اور امن کے مشترکہ سفر سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کو تہنیتی پیغام بھجوایا ہے، بھارتی وزیراعظم نے یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کوخط لکھ کر مبارکباد دی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے بھارتی وزیراعظم کا خط دفترخارجہ کے حوالے کیا گیا۔بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ یوم ہاکستان پرپاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوشگوارتعلقات کیلئے اعتماد پر مبنی دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے، انسانیت کے لئے اس مشکل دور میں کووڈ 19 چیلنج سے نمٹنے پر آپ کو اور پاکستان کے عوام کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔
اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے یومِ پاکستان پر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ کر مبارکباد دی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے خط میں یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔خط میں کہا گیا ہےکہ پاکستان امریکا پارٹنر شپ علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پرمبنی ہے اور مشترکہ چیلنجز کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔امریکی صدر نے اپنے خط میں کہا کہ افغانستان میں قیامِ امن، کورونا وبا اور ماحولیاتی تبدیلی پرقابوپانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔