(24نیوز)برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنرنے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث بغیر قانونی اجازت کے برطانیہ سے باہر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ۔صرف گھومنے پھرنے کے لیے ملک سے باہر سفر کرنا غیرقانونی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس بارے میں پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر نے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے یومِ پاکستان پر بھی مبارک باد پیش کی ہے۔ویڈیو پیغام میں برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھاکہ میں آپ کو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان سفری پابندیوں کے بارے میں اپ ڈیٹ دینا چاہتا ہوں، پاکستان میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں، ملک کوویڈ کی تیسری لہر سے گزر رہا ہے، اگر آپ پاکستان میں ہیں تو قواعد کی لازمی پابندی کریں، ایس او پیز پر عمل کریں اور ماسک پہنیں، یہ سست پڑنے کا وقت نہیں ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھاکہ آپ میں سے جو لوگ برطانیہ میں ہیں اور پاکستان سفر کا سوچ رہے ہیں تو برطانیہ میں حالیہ کوویڈ پابندیوں کے تناظر میں آپ کو سفر نہیں کرنا چاہیے،صرف گھومنے پھرنے کے لیے ملک سے باہر سفر کرنا غیرقانونی ہے، ان حالات میں آپ کو بغیر کسی قانونی جواز کے برطانیہ سے باہر سفر نہیں کرنا چاہیے۔
کرسچن ٹرنر کے مطابق ضروری سفر کی صورت میں ایک فارم بھرنا پڑے گا جسے برطانوی حکام ائیر پورٹ پر چیک کرسکتے ہیں۔ان کے مطابق برطانوی حکومت نے سرحدی پابندیوں کو مسلسل زیرِ غور رکھا ہوا ہے اور کسی بھی وقت کم نوٹس پر پالیسیاں تبدیل ہو سکتی ہیں،ایسا ہوا تو براہِ راست پروازیں بند ہو سکتی ہیں اور برطانیہ آمد پر ہوٹل قرنطینہ کو لازمی قرار دیا جاسکتا ہے۔