(24نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو کو ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری سے روک دیا۔لیگی رہنما کی حفاظتی ضمانت 12 اپریل تک منظور کرتے ہوئے نیب سے جواب بھی طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لیگی نائب صدر مریم نواز اچانک لاہور ہائیکورٹ پہنچیں اور اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ کے ساتھ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہوئیں۔ وکیل مریم نواز نے استدعا کی کہ عدالت کیس کی آج ہی سماعت کرے۔ جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے بھی ہدایت دی کہ کیس کو سماعت کیلئے آج ہی مقرر کیا جائے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت کی جس میں مریم نواز نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے دو انکوائریز میں طلب کیا تھا جس میں وہ پیش ہونا چاہتی ہیں لیکن نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست پر آج ہی سماعت کی اور ان کی 12 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتار ی سے روک دیا۔ عدالت نے 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض مریم نواز کی ضمانت منظور کی اور نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے اسے نوٹس جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں :
- مریم نواز کی نیب پیشی پر گرفتاری ہوگی یا نہیں؟نیب کا وضاحتی بیان آ گیا
- ضمانت منسوخی کی درخواست : لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا
- نیب مریم نواز کیخلاف متحرک۔۔ ضمانت منسوخ کرانے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا