او آئی سی اجلاس کا اعلامیہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے میں اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت کے مرکزی موضوع کو شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اسلام آباد میں ہونے والے 48 ویں اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے،اعلامیے میں فلسطین،کشمیر اور دیگر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے منصفانہ مقاصد کی حمایت کی گئی ہے اس کے علاوہ غیر او آئی سی ممالک میں مسلم اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ ،مسلم دنیا کے اندر اور اس سے باہر کی سماجی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی ترقی اور انضمام کے لیے مشترکہ وژن پر عمل کا اعادہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ افغانستان ہیو مینیٹرین ٹرسٹ فنڈ کے فعال ہونے کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ حق خود ارادیت کے لیے لوگوں کی جائز جدوجہد کو دہشت گردی سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کے خلاف او آئی سی کے مضبوط مؤقف کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے میں اقوام متحدہ کی جانب سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے عالمی دن کے طور پر منانے اور خصوصی ایلچی مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم بھی کیا گیا جبکہ دہشت گردی کی تمام جہتوں اور زاویوں کو مسترد اور اس برائی کو کسی بھی ملک، مذہب، قومیت، نسل یا تہذیب کے خلاف استعمال کرنے کی مذمت کی گئی ہے۔ اعلامیے میں رواں سال کے آخر یا اگلے سال، تنازعات کو روکنے اور امن کو فروغ دینے کے لیے طریقہ کار طے کرنے کے لیے وزارتی اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا 48 واں اجلاس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ او آئی سی اجلاس میں 800 مندوبین نے شرکت کی، او آئی سی سیکرٹریٹ اور سیکرٹری جنرل کے تعاون کے شکر گزار ہیں جبکہ کانفرنس میں شرکت پر چین کے وزیر خارجہ کے بھی مشکور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 140 قراردادوں پر اتفاق کیا گیا، 20 قراردادیں پاکستان یا اس کے اشتراک سے پیش کی گئیں، ایک قرارداد پاکستان کی 75 ویں سالگرہ اور ایک یوکرین کے حوالے سے تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی پانچویں لہر دم توڑنے لگی، ملک بھر میں 210 مریض رپورٹ