شیخ رشید نے قبل ازوقت انتخابات کا اشارہ دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان بیوقوفوں کی حماقت نے عمران خان کو ہیرو بنادیا۔ 27 مارچ کو عوام کا سمندر نکلے گا۔ اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمار ے پاس بھی ان کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہنا تھا کہ ن لیگ کے گھر کے اندر پسوڑی پڑی ہوئی ہے، ان کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن ہو چکا ہے، ان بیوقوفوں کی حماقت نے عمران خان کو ہیرو بنا دیا ہے، بلاول کے دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے اور کہتا تھا او آئی سی اجلاس نہیں ہوگا، تحریک عدم اعتماد کے روز بھی اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا۔
شیخ رشید نے کہا عمران خان تاریخی جلسہ 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے، 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا، جے یوآئی کو ان کی ڈیمانڈ کےمطابق جلسے کی اجازت دے دی ہے، تاہم ن لیگ کی ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی ہے، کل کوئی واقعہ ہوا تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے بعد خبریں دوں گا، باخبر آدمی ہوں کوئی کہیں نہیں جارہا، حالات روز بروز بہتری کی طرف آئیں گے، وزیراعظم عمران خان خوداری کی لڑائی لڑ رہے ہیں، ممکن ہے وقت سے پہلے انتخابات ہو جائیں، چاہتے ہیں جمہوریت اور ملک آگے بڑھے، جو نسلی اور اصلی ہے وہ پاکستان کے ساتھ ہے۔
وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، عثمان بزدار سے مل کر آرہا ہوں وہ بھی چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ اتحادی ہمیشہ دیر سے سہی لیکن درست فیصلے کرتے ہیں اور ان سے امید ہے وہ اچھا فیصلہ کریں گے۔ ایم کیوایم کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمار ے پاس بھی ان کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے۔ پارٹی بدلنے سے کوئی عزت نہیں ملتی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، اب اپوزیشن کو فوج کا خیال آگیا بہت اچھی بات ہے، کوئی شک نہیں پاک فوج عظیم فوج اورعدلیہ دوراندیش ہے، ملک میں عظیم افواج کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے، جو فوج یاعدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل دوں گا، ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے لیکن عدلیہ کے فیصلےکا احترام کرتے ہیں، میں گورنر راج کا حامی تھا اور وزیراعظم کو اس کی تجویز بھی دی تھی جو وزیراعظم نے مسترد کردی تھی۔
یہ بی پڑھیں: سجل علی کی احد میر سے علیحدگی۔ صحافی خاتون نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا
اس سے قبل لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، امن عامہ کی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انارکی پھیلانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا، 27مار چ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا۔
یہ بی پڑھیں:بیوی تنخواہ چھین کر روزانہ پٹائی لگاتی تھی،شوہر نے انتہائی قدم اٹھالیا