عدم اعتماد سے قبل تحریک انصاف کو بڑا دھچکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) تحریک عدم اعتماد سے قبل تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا۔ پیپلز پارٹی نےاپوزیشن کی حمایت کے لئے حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو تمام مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرادی، جن پر عمل درآمد کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لئے ایم کیوایم وفد کی زرداری ہاؤس آمد۔ ایم کیوایم کے وفد میں عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف شامل تھے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضی وہاب اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں۔ ایم کیوایم وفد نے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آصف زرداری اور بلاول نے ایم کیو ایم کے نکات کو مان لیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی جانب سے آگے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ دونوں جماعتوں کے ارکان آپس میں بیٹھ کر ایم کیو ایم کے نکات کے حوالے سے پیش رفت اور عمل کے لئے اقدامات اور روڈ میپ تیار کریں گی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا کہ سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر چلنا ہوگا۔ پی پی قیادت نے یقین دہانی کرائی کہ آئینی طریقے سے جو چیزیں بہتر کی جاسکتی ہیں انہیں بہتر کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو تمام نکات تسلیم کیے جانے کی یقین دہانی کرائی لیکن ایم کیو ایم نے فی الحال پیپلز پارٹی کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، ایم کیو ایم مشاورت کے بعد اپنا حتمی فیصلہ کرے گی۔
دریں اثنا ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اراکین پر مبنی کمیٹی کے نام سامنے آگئے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کمیٹی میں جاوید حنیف، کنور نوید اور خواجہ اظہار الحسن شامل ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے مرتضی وہاب، سعید غنی اور جام خان شورو کمیٹی میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے ارکان آپس کی مشاورت کے ساتھ آگے کے لائحہ عمل اور نکات پر عمل درآمد کا فارمولہ بنائیں گے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ والے دن اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کرے گی۔اس حوالے سے عامرخان نے کہا کہ ہماری مشاورت جاری ہے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم عدم اعتماد سے ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے ، پیپلزپارٹی سے آج کی ملاقات بھی مشاورت کا حصہ تھی ۔
یہ بھی پڑھیں: مختلف واقعات میں تین خواتین قتل