شوگر کے مریضوں کے لئے ناشتے میں بہترین غذائیں کونسی ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ذیابیطس (شوگر)کا ابھی تک مکمل علاج دریافت نہیں ہو سکا ،اس کی کئی اقسام ہیں لیکن زیادہ تر لوگ ٹائپ ٹو کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں۔ذیابیطس کے مریض اگر ناشتے میں چند مخصوص غذاؤں کو شامل رکھیں تو یہ اس مرض میں ہونے والی کئی پیچیدگیوں سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ صحت مند زندگی کے حصول میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین کی ہربن میڈیکل یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ناشتے میں زیادہ کاربوہائیڈریٹس جبکہ رات کو سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال ذیابیطس کے مریضوں کی صحت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ کاربوہائیڈریٹ یعنی نشاستہ آپ کی غذا ؤں میں شامل ایک ایسا غذائی مادہ ہوتا ہے جو خون میں شکر کی سطح کو متاثر کرتا ہے۔کاربوہائیڈریٹ جن غذاؤں سے حاصل کیا جاسکتا ہے ان میں اناج جیسے چاول، چپاتی، پاستا، آلو، نان، نوڈلز شامل ہیں۔
محققین کے مطابق جو لوگ کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور سبزیاں جیسے آلو کو دن کے آغاز میں کھانے کے عادی تھے ان میں امراض قلب سے موت کا خطرہ کم پایا گیا۔اس تحقیق میں ذیابیطس کے 4642 مریضوں کو شامل کیا گیا اور ان کی گیارہ برس تک مانیٹرنگ کی گئی اور اس طرح حاصل ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔اس تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ کسی بھی غذا کا استعمال کرنے کا وقت ذیابیطس کے مریضوں کو انسولین کی حساسیت کے قدرتی حیاتیاتی ردھم سے مطابقت پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔محققین کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ ذیابیطس کے لیے غذائی رہنمائی اور مرض کی شدت بڑھنے سے روکنے میں مددگار طریقوں میں غذاؤں کے استعمال کے مناسب وقت کے اضافے کو بھی شامل رکھنا چاہئے۔اس تحقیق کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے نتائج سابقہ تحقیقی رپورٹس کو سپورٹ کرتے ہیں جن کے مطابق ذیابیطس کے مریض کی صحت اس وقت زیادہ بہتر رہنے کا امکان ہوتا ہےجس میں رات کے کھانے کی بجائے ناشتے میں زیادہ مقدار میں غذا کا استعمال کریں۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی جرنل آف کلینکل اینڈوکرینولوجی اینڈ میٹابولزم میں شائع کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نظامِ شمسی سے باہر دریافت شدہ سیاروں کی تعداد 5000 سے زیادہ ہوگئی