(24نیوز )پنجاب ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اہل افراد کی رجسٹریشن کرنے کا حکم ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مفت آٹے کی فراہمی کیلئے ایسے ہل افراد جو رجسٹرڈ نہیں انکی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے، آٹا تقسیم پوائنٹس پر نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی )رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز قائم کریں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ،مفت آٹے کی تقسیم 25 رمضان تک جاری رہے گی ، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رمضان پیکیج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء شازیہ مری، مریم اورنگزیب مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ، وزیرِ اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی اور متعلقہ اعلی افسران بھی شریک ہوئے ۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مفت آٹا سکیم پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں جاری ہے ،جس سے اہل خاندانوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے،اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹا تقسیم پوائنٹس شادی ہالز میں بنائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو انتظار کے دوران مشکلات کا بالکل بھی سامنا نہیں، وزیرِ اعظم نے آج لاہور اور قصور میں آٹا تقسیم پوائنٹس کا دورہ کیا تھا جہاں انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا ، وزیرِ اعظم نے پنجاب، خیبر پختونخوا حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کے اس پروگرام میں شامل تمام اداروں و اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا.