کراچی بلدیاتی انتخابات بے ضابطگی کیس ، الیکشن کمیشن کا 6 یوسیز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاحکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا،الیکشن کمیشن نے کراچی کی چھ یوسیز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔
تفصیلی فیصلے میں کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے جماعت اسلامی اور ریٹرننگ افسر کے فارمز کا بغور جائزہ لیا، ریٹرننگ افسر کے جمع کروائے گئے فارم11 میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جماعت اسلامی کی جانب سے جمع کروائے گئے فارمز میں مذکورہ پولنگ سٹیشنوں کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد درج نہیں، پریذائیڈنگ اور ریٹرننگ افسران کے جمع کروائے گئے فارمز میں ووٹوں کی تعداد جماعت اسلامی کے ڈیٹا سے متضاد ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہاکہ آزادانہ، منصفانہ، شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کی روک تھام کرنا بھی الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، تفصیلی فیصلے میں کہاگیاہے کہ صدر، سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی انتخابات کرانا کمیشن کی ذمہ داری میں شامل ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہاکہ درخواست گزاروں نے چھ یو سیز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی استدعا کی، متعلقہ ریٹرننگ افسران ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور فریقین کی موجودگی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کریں گے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اپنی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کروا کر تین روز میں رپورٹ پیش کریں،یوسی 3 کے ریٹرننگ افسر ذوالفقار علی کی معطلی کیوجہ سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اس کی جگہ ووٹوں کی گنتی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر علوی ،عمران خان سے دہشتگردی کرنے کا جواب لیں ،کٹھ پتلی نہ بنیں ، رانا ثنا کا خط پر ردعمل