کینیڈین وزیرِاعظم کا قبل ازوقت انتخابات کرانے کا اعلان

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا۔
نئے کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی نے اچانک 28 اپریل کو قبل از وقت انتخابات کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں اور غیر منصفانہ تجارتی پالیسیوں سے نمٹنے کے لیے انہیں عوامی مینڈیٹ درکار ہے۔
کینیڈا میں عام انتخابات اصل میں 20 اکتوبر کو متوقع تھے، لیکن مارک کارنی جو صرف دو ہفتے قبل لبرل پارٹی کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں، اپنی جماعت کی حالیہ مقبولیت کو دیکھتے ہوئے عوام سے براہِ راست حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
جنوری میں ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد کینیڈا کی سیاست میں ہلچل مچ گئی تھی اور اسی دوران سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اچانک استعفیٰ دے دیا تھا۔
مارک کارنی نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ ہم اپنی زندگی کے سب سے بڑے بحران کا سامنا کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ کی غیر منصفانہ تجارتی پالیسیوں اور ہماری خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے کی کوششوں کے باعث کینیڈا کے عوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، کینیڈا کو محفوظ،مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے ایک مضبوط اور مثبت مینڈیٹ کے خواہاں ہیں،انہوں نے گورنر جنرل سے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی درخواست کی، جو فوری طور پر منظور کر لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سکھوں کا لاس اینجلس میں کامیاب ریفرنڈم، بھارت سے علیحدگی کا فیصلہ
رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق لبرل پارٹی نے جنوری سے اب تک نمایاں مقبولیت حاصل کی ہے،ایک تازہ ترین آن لائن اینگس ریڈ سروے کے مطابق لبرلز کو 42 فیصد عوامی حمایت حاصل ہے، جبکہ کنزرویٹو پارٹی 37 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ مارک کارنی کا سیاسی تجربہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن وہ ماضی میں دو بار مرکزی بینک کے گورنر رہ چکے ہیں،انہیں معاشی پالیسیوں میں مہارت حاصل ہے۔