یااللہ کرم فرمانا،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، خشک سالی کا خدشہ  

Mar 24, 2025 | 17:28:PM
یااللہ کرم فرمانا،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، خشک سالی کا خدشہ  
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) ملک میں فلیش ڈراؤٹ کا خدشہ، محکمہ موسمیات کے خشک سالی ڈیپارٹمنٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ،خشک سالی کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان ،پنجاب کے بیشتر علاقے ہلکے سے درمیانے درجے کی خشک سالی سے متاثر ہونے کا خدشہ   ہے،سندھ میں پڈعیدن، شہید بینظیر آباد ،دادو، تھرپارکر، عمر کوٹ، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں درمیانے درجے کی خشک سالی سے جبکہ گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، سانگھڑ  میں ہلکے درجے کی   خشک سالی سے متاثر ہونے کا خدشہ  ہے۔بلوچستان میں گوادر، کیچ. لسبیلہ، پنجگور، آواران درمیانے درجے کی خشک سالی سے جبکہ چاغی ، جعفر آباد، جھل مگسی، سبی، نوشکی، واشک ہلکے درجے کی خشک سالی سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پنجاب کے علاقے بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان ہلکے درجے کی خشک سالی سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ  سندھ، بلوچستان کے جنوبی حصوں میں خشک سالی کی صورتحال برقرار ہے اور پنجاب کے زیریں مشرقی میدانی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک ملک بھر میں مجموعی طور پر معمول سے 40 فیصد سے کم بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ بارشوں کی کمی سندھ میں 62 فیصد ریکارڈ  کی گئی۔بلوچستان 52  فیصد اور پنجاب 38 فیصد میں دیکھی گئی ۔تربیلا اور منگلا ڈیم میں ذخیرہ شدہ پانی کی شدید کمی ہے،ملک کے مختلف دریاؤں میں پانی انتہائی کم سطح پر بہہ رہا ہے  مارچ 2025 کے دوران ملک کے جنوبی حصوں میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔بعض جنوبی علاقوں میں مسلسل خشک دنوں کی تعداد 200 دن سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو کپتان مقرر کر دیا