جیل میں قید استنبول کے میئر اپوزیشن کے صدارتی امیدوار نامزد

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)ترکی کی مرکزی سیاسی جماعت پیپلز ریپبلکن پارٹی نے جیل میں قید استنبول کے میئر اکرم امامولو کو 2028 ء کے صدارتی انتخاب کے امیدوار کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔ پارٹی کے ایک ترجمان نے ان کی صدارتی نامزدگی کا اعلان کیا ہے۔
ترکی کی سیکولر پیپلز ریپبلکن پارٹی سی ایچ پی کے ایک ترجمان نے پیر 24 مارچ کو اتوار کے پرائمری انتخابات کے انعقاد کے بعد اعلان کیا کہ استنبول کے مقید میئر اکرم امامولو 2028 ء کے صدارتی الیکشن میں ان کی پارٹی کی طرف سے امیدوار کے طور پر انتخاب کے لیے نامزد ہو گئے ہیں۔
ترکی کی ریپبلکن پیپلز پارٹی (CHP) ملک کی ایک اہم اپوزیشن جماعت اور پارلیمنٹ کی دوسری بڑی جماعت ہے۔ اس نے اتوار کو ایک پرائمری الیکشن کا انعقاد کیا، جس میں صدر رجب طیب ایردوآن کے اہم سیاسی حریف اکرم امامولو واحد امیدوار تھے۔ امامولو کو کرپشن اور دہشت گردی کی تحقیقات کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں گرفتار کیا گیا، ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ ساتھ ہی ان کی میئر شپ چھین لی گئی جسے حزب اختلاف نے سیاسی ''بغاوت‘‘ قرار دیا ہے۔