خصوصی ایلچی محمد صادق کا افغانستان کا دورہ، خارجی امور پر اعلامیہ جاری

Mar 24, 2025 | 23:18:PM
خصوصی ایلچی محمد صادق کا افغانستان کا دورہ، خارجی امور پر اعلامیہ جاری
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)خصوصی ایلچی محمد صادق نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 21 سے 23 مارچ تک کابل کا دورہ کیا، اس حوالے سے امور خارجہ پر اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ نمائندہ خصوصی نے 22 مارچ کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔

انھوں نے کہا کہ ملاقات میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، بشمول امن و سلامتی، تجارت و اقتصادی تعاون اور عوامی روابط پر تبادلہ خیال کیا۔

نمائندہ خصوصی نے پاکستان کے افغانستان کے ساتھ مسلسل روابط اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے تمام متعلقہ امور، بالخصوص سیکیورٹی مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ فریقین نے اعلیٰ سطح روابط و بات چیت کے فروغ پر اتفاق کیا تاکہ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکے، دونوں جانب سے ایک باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ تعلقات کے عزم کو دُہرایا گیا تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

نمائندہ خصوصی نے افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات کی، فریقین نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کے ساتھ ٹرانزٹ اور کنیکٹیویٹی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

نمائندہ خصوصی نے افغانستان کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، فریقین نے علاقائی تجارت اور کنیکٹیویٹی کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق واپسی پر، نمائندہ خصوصی نے نائب وزیر اعظم کو افغان قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بریفنگ دی، نائب وزیراعظم نے افغان فریق کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام، بشمول اعلیٰ سطح روابط کے فروغ اور تجارت و ٹرانزٹ تعاون میں اضافے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں :عید کے موقع پر نیا کرنسی نوٹ جاری