’ہمیں تم سے پیار کتنا‘۔۔ مجروح سلطان پوری کی آج 21ویں برسی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) بھارت کی فلم انڈسٹری میں اپنی نغمہ نگاری کی وجہ سے علیحدہ شناخت قائم کرنے والے مجروح سلطان پوری کی آج 21ویں برسی منائی جا رہی ہے ۔بے شمار لازوال گیتوں کے خالق اور اردو غزل کے منفرد شاعر اسرارالحسن خان المعروف مجروح سلطان پوری 24 مئی 2000 کو ممبئی بھارت میں انتقال کر گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مجروح سلطان پوری کے مشہور فلمی نغموں میں ’اک دن بک جائے گا ماٹی کے مول‘۔۔’ کتنا نازک ہے دل یہ نہ جانا‘ ۔۔ ’ہائے ہائے یہ ظالم زمانہ‘۔۔ ’جب دل ہی ٹوٹ گیا ہم جی کے کیا کریں گے‘۔۔ ’ہمیں تم سے پیار کتنا‘شامل ہیں۔ مجروح سلطان پوری یکم اکتوبر1919 کو بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سلطان پور میں پیدا ہوئے۔ان کے والد پیشہ سے سب انسپکٹر پولیس تھے۔
وہ انھیں اعلیٰ تعلیم دینا چاہتے تھے لیکن مجروح نے ساتویں جماعت مکمل کی تو انہیں عربی و فارسی کی تعلیم کے لئے سات سالہ کورس میں داخلہ کروا دیا گیا۔درس نظامی کا کورس مکمل کرنے کے بعد عالم بنے، جس کے بعد لکھنؤ کے تکمیل الطب کالج سے یونانی طریقہ علاج میں تعلیم حاصل کی اورحکیم بن گئے۔حکیمی دواخانہ کے ساتھ ساتھ سلطان پور میں مشاعروں میں بھی حصہ لیتے تھے ۔پھر ایک وقت آیا کہ حکمت کو چھوڑ کر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے شعر و شاعری سے رشتہ جوڑ لیا ۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا: مزید 57 افراد انتقال کر گئے،3060 نئے کیسز رپورٹ