(24نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کے لئے پرانی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کیے، عمران خان مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، ملک میں جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک زرعی ملک کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر ایک طمانچہ ہے، عمران خان نے عوام سے آج تک جتنے وعدے اور دعوے کئے، کسی ایک کو بھی پورا نہ کرسکے، عمران خان نے 90 روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا، آج ایک ہزار 11واں دن ہے، ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟ مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں کی مارکیٹنگ سے ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔ عمران خان مہنگائی کے سونامی کی تباہی کا شکار عوام کے سامنے سرنڈر کرکے جھوٹے دعوے کرنے پر معافی مانگیں۔
دریں اثنا پارٹی کے سابق رہنما و اپنے دادا مرحوم حاکم علی زرداری کی برسی پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حاکم علی زرداری لبرل و ترقی پسند رہنما تھے، زندگی بھر جمہوریت کے ساتھ کھڑے رہے ۔
حاکم علی زرداری نے آمروں اور اقتدار پر غیرآئینی قبضہ کرنے والوں کے خلاف جدوجہد کی۔جمہوریت کا ساتھ دینے کی پاداش میں انہیں ظلم، میڈیا ٹرائل اور ناانصافیوں کے ایک طویل سلسلے کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے چھوٹے صوبوں کے حقوق کی بات کی، اور قومی آہنگی کو فروغ دینے کا کوئی موقعا ہاتھ سے جانے نہ دیا۔
پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ملک میں آرٹ کے فروغ کے لیئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔دعاگو ہوں، اللہ تعالی انہیں اپنی جوارِ رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں۔پاکستان نے امریکی فوج کو فضائی و زمینی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیدی