(24 نیوز)اٹلی میں جھیل ماگیوری کو قریبی پہاڑ سے جوڑنے والی کیبل کار 20 میٹر گہرائی میں گرنے سے 13 افراد ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسٹریسا ۔ موٹارونے کیبل کار جھیل ماگیوری پر سیاحوں اور مقامی افراد کو سطح سمندر سے ایک ہزار 400 میٹر کی بلندی پر موٹارونے پہاڑ کی چوٹی تک 20 منٹ میں لے کر پہنچتی ہے۔
اٹلی کے قومی نشریاتی ادا رے کے مًطابق کیبل کار جب پہاڑ کی اونچائی پر جارہی تھی اس وقت حادثہ پیش آیا اور کیبِن نے 20 میٹر گہرائی میں گرنے کے بعد نیچے ڈھلان کے باعث کئی بار قلابازیاں کھائیں۔ پہاڑ پر چڑھنے والے لوگوں نے کیبل کار گرنے سے قبل زور دار آواز سنی اور ممکنہ طور پر حادثہ کسی کیبل کے ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔اٹلی کی الپائن ریسکیو سروس نے کہا کہ کیبل کار جنگل میں گر کر تباہ ہوگئی جس میں زخمی ہونے والے دو بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی شہر تورِن میں بچوں کے ہسپتال لے جایا گیا۔
چند متاثرین کار کے اندر پھنسے ہوئے جبکہ دیگر جنگل میں درختوں کے درمیان سے ملے جبکہ ایک اور شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ موت کا سبب دریافت کرنے والے طبی افسران (کورونرز)نے لاشوں کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔فائر بریگیڈ کے ترجمان لوکا کاری نے کہا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیبل کار میں اتنے افراد سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں اب بھی لاشوں کو کیبل کار سے باہر نکال رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل۔۔ 10 سری لنکن کرکٹرز کو پاکستان آمد کی اجازت مل گئی