(24نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے رواں ہفتے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے،جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون شروع ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے،بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائیں، آندھی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
رحیم یارخان میں آج سخت گرم ترین دن ہو گا،رحیم یار خان میں آج درجہ حرارت48ڈگری تک جانے کاامکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،رحیم یار خان میں آئندہ چند روز تک درجہ حرارت50ڈگری متوقع ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 22 فیصدریکارڈ کیاگیا۔
لاہور میں بھی گرمی اپنے عروج پر ہے،شہری ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،لاہور میں زیادہ سے ز یادہ درجہ حرارت 43ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں،فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے لگا ہے،ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 170ریکارڈ کی گئی،عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا۔
گزشتہ روز سندھ کے علاقے دادو، موہنجو داڑو، جیکب آباد میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ، روہڑی، خیرپور 49 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر، پڈعیدن، چھور، مٹھی، رحیم یار خان میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خان پور، کوٹ ادو، بھکر، نور پور تھل، ڈی جی خان اور حیدر آباد میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے حوالے سے بھی پیشگوئی کر دی، جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون شروع ہوسکتا ہے جبکہ اس سال مون سون میں بھی معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔
زیادہ بارشوں سے سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوں گے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ مہینے اپریل میں بارشوں سے تربیلا اور منگلا ڈیموں کو فائدہ پہنچا۔ خلیج بنگال پر ایک سائیکلون بنا ہوا ہے جو بھارت کے جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
دوسری جانب ملک بھر میں ہیٹ ویو کی شدید لہر اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
این ڈی ایم اے کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر طیب نے24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال 2023 تاریخ کا گرم ترین سال تھا،سال 2024 کے اعداد و شمار بھی اچھے نہیں،جون میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ہونگے،5 سے 10 جون کے دوران نمی کی توقع ہے، اس نمی کے باعث ہیٹ ویو کی شدت کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا ۔
ڈاکٹر طیب کا کہنا تھا کہ ہر آنے والا مہینہ پچھلے مہینے کی بہ نسبت گرم ہوگا،آنے والا ہر سال موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کیلئے خطرات لائے گا۔