(24 نیوز)اسرائیل اپنے ظلم سے باز نہ آیا ،نہتے فلسطینیوں پر پے در پے حملے جاری،تازہ حملوں میں مزید 50 نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق صحت کے حکام اور حماس میڈیا نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں فضائی اور زمینی بمباری میں کم از کم 50 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو فضائی حملوں میں صرف غزہ میں 15 بچوں سمیت 26 افراد شہید ہوئے۔
ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ الدراج کے علاقے میں 16 افراد شہید اور ایک مسجد کے احاطے میں 10 افراد شہید ہوئے۔صیہونی فوج نے کہا کہ وہ جنگ کو روکنے کے لیے حماس کے ساتھ جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا،غزہ کے جبالیہ اور رفح میں بھی شدید بمباری ہوئی جہاں حماس نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی فوجیوں پر مارٹر گولے برسائے ہیں۔
ضرورپڑھیں: محسن نقوی سےسری لنکن ہائی کمشنر کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال
اسرائیل اور اس کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھ گیا ہے کیونکہ تین یورپی ممالک نے بدھ کے روز فلسطین کو بطور ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
نیتن یاہو نے حماس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ اسرائیل یرغمالیوں کی واپسی کے لیے مذاکرات جاری رکھے گا۔امریکا، مصری اور قطری ثالثوں پر مشتمل جنگ بندی کے مذاکرات کا پچھلا دور اس ماہ کے اوائل میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہر رفح پر حملے کے فوراً بعد ختم ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری بمباری سے اب تک 35 ہزار کے لگ بھگ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں،لاکھوں بے گھر جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔