(24 نیوز) سابق نگراں صوبائی وزیر ابراہیم مراد کی محنت رنگ لے آئی، پاکستان کی گوشت برآمدات 9 ماہ میں 55 فیصد اضافے کے ساتھ 431 میلن ڈالر تک پہنچ گئیں۔
سابق نگراں صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک ابراہیم مراد کی دن رات کی ان تھک محنت رنگ لے آئی، پاکستان میں گوشت کی برآمدات میں 55 فیصد کا تاریخی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال گوشت کی برآمدات 307 میلن ڈالر تھیں، پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی2023 تا اپریل 2024 کی مدت میں 431 ملین ڈالر مالیت کا ایک لاکھ 4 ہزار 513 میٹرک ٹن گوشت اور گوشت کی مصنوعات کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جیل سے رہائی ملتے ہی پرویز الٰہی کیلئے ایک اور مشکل کھڑی ہو گئی
سابق صوبائی وزیر ابراہیم مراد کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافہ صرف گوشت کی صنعت کی جیت نہیں بلکہ معیشت کی مضبوطی کی جانب ایک اہم قدم ہے، گوشت کی برآمدات میں غیر معمولی اضافے میں کسانوں کا کردار اہم رہا ہے، خلوص نیت اور پختہ عزم ہمیشہ کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، پنجاب کی سابق نگراں حکومت نے لائیو سٹاک کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن میں پاکستان کا پہلا بیماری پر قابو پانے والا کمپارٹمنٹ، پاکستان اینیمل ٹریس ایبلٹی اینڈ آئیڈنٹی فکیشن سسٹم کا نفاذ اور 37 ہزار ایکڑ رقبے پر گوشت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہائبرڈ پروٹین کے چارے کی فراہمی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے لائیو سٹاک کے شعبے کے فروغ کے لیے ایک ماسٹر پلان بھی نافذ کیا جس میں پنجاب بھر میں مفید افزائش نسل مادہ جانوروں کی سمگلنگ اور ذبح کرنے پر پابندی، ہر ضلع میں کوآپریٹو فارمنگ کا قیام ، گراس روٹس کی حوصلہ افزائی، ڈیری ڈویلپمنٹ، بہاولپور میٹ زون کا قیام، موبائل ویٹرنری لیبز، نیشنل فوٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز کنٹرول پروگرام، مویشیوں کے کسانوں کے لیے آسان فنانسنگ، غیر تفصیلی مویشیوں کی جینیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبوں کی بنیاد بھی رکھی گئی۔
سابق صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ گوشت کی برآمدات میں نمایاں اضافہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، حلال گوشت کی بین الاقوامی مارکیٹ کی مالیت 2 ہزار عرب ڈالر ہے اور پاکستان لائیو سٹاک کے شعبے میں بہتری کے ذریعے اپنے گوشت کی برآمدات کو بڑھا کر ملکی قرضوں سے چھٹکارہ حاصل کر سکتا ہے۔
ابراہیم مراد نے مزید کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لہذا ہمیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے محنت کے ذریعے ان وسائل کو بروئے کار لانا چاہیے، مجھے امید ہے کہ موجودہ حکومت لائیو سٹاک کے شعبے اور دیگر شعبوں میں اقدامات کے ذریعے قومی معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل و گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں اضافہ، سمری منظور
انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کے لائیو سٹاک کے شعبے کی صلاحیت کو اجاگر کیا بلکہ مستقبل کے لیے ایک امید افزا نظیر بھی قائم کی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لگن اور سٹریٹجک منصوبہ بندی سے اہم اقتصادی پیش رفت کی جا سکتی ہے۔