العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس, نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج ہو گی

Nov 24, 2020 | 11:48:AM

 (24 نیوز) ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہو گی۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل پر بھی سماعت ہو گی جب کہ اسی عدالت میں نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا میں اضافے کے لئے نیب کی اپیل بھی آج سماعت کےلئے مقرر ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدم حاضری کی صورت میں انہیں اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبطی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

 دوسری جانب نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی تحقیقات کے لئے دائر درخواست پر بھی سماعت اسی بینچ میں ہو گی۔

خیال رہے کہ  ہائی کورٹ نے نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلب کر رکھا ہے، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے سے قبل عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے کی مدت آج پوری ہو رہی ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ برس 19 نومبر سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج اور طبی معائنہ جاری ہے۔

مزیدخبریں