اساتذہ کی سنی گئی....سپریم کورٹ کا حق میں فیصلہ

Nov 24, 2020 | 17:20:PM

(24نیوز)سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ اسکولوں کے اساتذہ کی مستقلی کے حکم کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل زائد المیعاد ہونے پر خارج کردی۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بنچ نے وفاقی حکومت کے کنٹونمنٹ اسکولوں کے اساتذہ کی مستقلی کے حکم کے خلاف اپیل پرسماعت کی۔عدالت نے زائد المیعاد اپیل دائرکرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومتی ادارے زائد المیعاد اپیلیں دائر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ اپیل دائرکرنے میں تاخیر ہوجائے تو پھر عدالتوں میں کیا لینے آتے ہیں؟ ایک کلرک حکومت کے اربوں کے کام کو خراب کردیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کارروائی کا حکم دیں گے تو کسی ماتحت پر ساری ذمہ داری ڈال دی جائے گی، جس کیس میں سپریم کورٹ نے کارروائی کا حکم دیا وہاں ساری ذمہ داری ماتحت عملے پر ڈال دی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے قانونی معاملات تو افسروں کے ذمے ہونے چاہیئں کلرکوں کے نہیں، کالی بھیڑیں اداروں میں رکھیں گے تو پھر خمیازہ بھی بھگتیں، کوئی نہ کوئی ملا ہوا ہوتا ہے جو فیصلہ آنے کے بعد دبا لیتا ہے، حکومت اپنا کام نہیں کر رہی تو سپریم کورٹ کیوں کلرکوں کے پیچھے جائے۔عدالت عظمیٰ نے اپیل زائد المیعاد ہونے کی بنیاد پر خارج کرتے ہوئے اساتذہ کو مستقل کرنے کا ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

مزیدخبریں