جی بی الیکشن کے سر کا ری نتائج آگئے، بلے نے میدا ن ما ر لیا

Nov 24, 2020 | 18:16:PM

(24 نیوز)گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے 15 نومبر کو منعقدہ 24 حلقوں 9 مخصوص نشستوں کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 16 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی 5 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 3 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔الیکشن کمیشن نے گلگت کے حلقہ نمبر دو کا نتیجہ بھی جاری کردیا ہے اور پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللہ خان کو کامیاب قرار دیا ہے جبکہ پی پی پی کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔
ًتفصیلا ت کے مطا بق گلگت بلتستان اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی پی پی کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ نے دو حلقوں گلگت حلقہ ایک اور حلقہ 4 نگر سے کامیابی حاصل کی۔گلگت کے حلقہ دو سے پی ٹی آئی کے فتح اللہ اور حلقہ تین سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے سابق صدر مرحوم جعفر شاہ کے صاحبزادے سید سہیل عباس شاہ کامیاب ہوئے۔پی ٹی آئی نے ضلع استور کی دونوں حلقوں اور ہنزہ کی واحد نشست پر کامیابی حاصل کی جہاں سے بالترتیب خالد خورشید، شمس الحق لون اور عبیداللہ بیگ کامیاب ہوئے۔پی ٹی آئی کو بلتستان میں راجا ذکریا، امجد زیدی، راجا اعظم خان اور ضلع دیامر سے حاجی گلبر خان کی صورت میں نشستیں حاصل ہوئی۔آزاد امیدواروں میں جاوید علی، وزیر سلیم، ناصر علی اور حاجی شاہ بیگ، مشتاق حسین اور عبدالحمید کامیاب ہوئے جنہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔پی پی پی نے بلتستان سے ایک نشست حاصل کی جہاں گانچھے سے محمد اسمٰعیل کامیاب قرار پائے، یوں امجد ایڈووکیٹ کی دو نشستوں کے ساتھ مجموعی طور پر 3 نشستیں حاصل ہوئیں تاہم انہیں ایک نشست خالی کرنی پڑے گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے غذر اور دیامر سے مجموعی طور پر نشستیں حاصل کیں جہاں بالترتیب غلام محمد اور محمد انور کو کامیابی ملی۔بلتستان سے مجلس وحدت مسلمین کے محمد کاظم اور دیامر سے جمعیت علمائے اسلام کے رحمت خالق کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار نواز خان ناجی نے غذر سے اپنی نشست حاصل کی۔گلگت بلتستان اسمبلی کی 33 میں براہ راست 24 نشستوں میں پی ٹی آئی نے 10، پی پی پی نے تین اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دو نشستیں حاصل کیں۔جمعیت علمائے اسلام اور وحدت مسلمین کو ایک، ایک حلقے میں کامیابی ملی جبکہ 7 آزاد امیدوار جیتے جن میں سے 6 نے وفاقی حکمران جماعت میں شمولیت کی۔گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے اسمبلی کی 6 خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹس کے لیے مخصوص نشستوں کے نتائج کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔مخصوص نشستوں میں پی ٹی آئی کو 4 خواتین اور دو ٹیکنوکریٹس کی نشستیں ملی، پی پی پی کو خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی ایک،ایک اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو خواتین کے لیے مخصوص کوٹے سے ایک نشست حاصل ہوئی۔

مزیدخبریں