عسکری قیادت کا بھارتی سازشوں پر غور۔۔ چیلنجوں پر قابو پا نے کا عزم

Nov 24, 2020 | 18:31:PM
عسکری قیادت کا بھارتی سازشوں پر غور۔۔ چیلنجوں پر قابو پا نے کا عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی سازشوں اور موجود شواہد اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈرز نے اجلاس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت، لائن آف کنٹرول، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا جائزہ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ کانفرس میں خطے اور ملکی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی سازشوں اور دہشت گردوں کی ٹریننگ اور فناسنگ پر بھی غور کیا گیا۔
کور کمانڈرز نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی حملوں سے آبادی کو بچانے کے لئے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔ بھارت، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔
اجلاس کے دوران عسکری قیادت نے کورونا کی دوسری لہر سے پیدا صورتحال پر بھی غور کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کورونا صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کی حمایت سے اندرونی وبیرونی چیلنجوں پر قابو پا لے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔ کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا۔ پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔ پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے امن کا قیام ہمارا فرض ہے۔