مدارس بند ہونگے یا نہیں ،خبر آگئی

Nov 24, 2020 | 18:50:PM

(24 نیوز)وفاق المدارس خیبرپختونخوا کے ترجمان مفتی سراج الحسن نے کہا ہے کہ فی الحال مدارس بند نہیں کریں گے اور اس سلسلے میں حکومت سے بات کریں گے۔بندش کے فیصلے سے مدارس کے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے جبکہ مدارس میں رمضان اور شعبان میں چھٹیاں ہوتی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے اتحاد المدارس کا اجلاس ہوگا جس میں اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلا ت کے مطا بق ترجمان کا کہنا تھا کہ 25 لاکھ بچے مدراس میں زیر تعلیم ہیں جن میں سے زیادہ تر مدارس میں ہی مقیم ہیں اور ان کا باہر جانا نہیں ہوتا جس کے باعث نہ ان سے یا ان میں کورونا پھیلنے کا خدشہ نہیں ہے۔اس موقع پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے موقف کو سنے گی اور اس سے قائم ہوگی۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکریٹری مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم نے پریس کانفرنس میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے اعلان میں مدارس کا نام نہیں لیا، جہاں تک مدارس کی بات ہے تو ہمارا تعلیمی سال، اسکولز، کالجز اور جامعات سے مختلف ہے۔
پشاور میں جامعہ زبیریہ کے دورے کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم شعبان اور رمضان میں چھٹیاں کردیتے ہیں جبکہ دیگر اداروں میں تعلیم جاری رہتی ہے جبکہ ہمارا چھٹیوں کا نظام موسم کے ساتھ جڑا ہوا نہیں ہے، ہم گرمیوں اور سردیوں میں چھٹیاں نہیں کرتے، یہ ہمارے تعلیم کے دن ہیں جسے بچانا بہت ضروری ہے۔مولانا حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک، جہاں آبادی کم ہے اور پاکستان کے مقابلے میں ایس او پیز پر عملدرآمد زیادہ ہونے کے باوجود کیسز زیادہ ہیں تاہم اس کے مقابلے میں پاکستان میں کیسز کم ہونے کی ایک وجہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں مسجد اور مدارس آباد ہیں۔
 ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ہمیں کسی فیصلے کے لیے بلایا نہیں گیا اور نہ ہی مدارس بند کرنے کے معاملے میں کسی نے ہمیں اعتماد میں لیا۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن محکمہ اوقاف نہیں محکمہ تعلیم کے ساتھ ہوگی اور ہماری حکومت سے اسی حوالے سے بات ہوئی ہے، دوسرا یہ کہ وزارت تعلیم کے ساتھ ہمارے مذاکرات چل رہے ہیں، رجسٹریشن سے متعلق ابھی ہماری بات چیت جاری ہے اور اس پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مدارس کو رجسٹریشن سے کبھی اعتراض نہیں رہا تاہم اس سے قبل جو اقدامات ضروری ہیں پہلے وہ ہونے چاہئیں۔

مزیدخبریں