جوبائیڈن نے کابینہ ارکان کا نامزدگی شروع کردی، اینٹونی بلنکن وزیر خارجہ ہونگے

Nov 24, 2020 | 20:00:PM


 (24نیوز)نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے اینٹونی بلنکن کو بطور وزیر خارجہ نامزد کر کے اپنی کابینہ کے لئے ارکان کے انتخاب شروع کر دیا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن کی پہلی ترجیح امریکا کے ہر طبقے کی نمائندگی کو کابینہ میں شامل کرنا ہے۔جوبائیڈن نے اپنی کابینہ کے لئے سب سے پہلے وزیر خارجہ کی نامزدگی کی ہے۔ 58 سالہ قانون دان اور سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھنے والے اینٹونی بلنکن جوبائیڈن کے معتمد خاص ہیں اور اوباما دور میں نائب وزیر خارجہ رہے ہیں۔
ملک کے وزیر داخلہ کے طور پر جو بائیڈن نے لاطینی نڑاد تارکِ وطن الحاندرو مایورکاس کا انتخاب کیا ہے۔ قانون دان الحاندرو مایورکاس نے 2009 میں بطور ڈائریکٹر برائے امریکی شہریت اور امیگریشن خدمات بھی انجام دیں اور 6 لاکھ 50 ہزار پناہ گزین بچوں کی بے دخلی کو روکا۔
 مشیر قومی سلامتی کے لئے اوباما دور میں نائب صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر اور ہیلری کلنٹن کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف 43 سالہ جیک سولیون کو چنا گیا،نومنتخب امریکی صدر نے ایورل ہینز کو ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نامزد کرکے امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو خفیہ اداروں کی قیادت سونپی ہے۔ ایورل ہینز سی آئی اے کی سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اور اوباما کے دور حکومت میں قومی سلامتی کی سابق نائب مشیر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔جوبائیڈن کی دوسری نامزدہ کردہ خاتون رکن لنڈا تھامس گرین فیلڈ ہیں جو سفارت کاری میں 35 سال کا تجربہ رکھتی ہیں اور اسی بنیاد پر انہیں اقوامِ متحدہ میں امریکا کی سفیر نامزد کیا گیا ہے
۔نومنتخب امریکی صدر کی ترجیحات میں ماحولیات بھی شامل ہے اسی لئے انہوں نے اوباما دور کے وزیر خارجہ جان کیری کو خصوصی ایلچی برائے ماحولیات نامزد کیا ہے اگرچہ یہ عہدہ کابینہ میں شامل نہیں لیکن جان کیری قومی سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں شریک ہوتے رہیں گے۔کابینہ ارکان کے انتخاب کا ان کی جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی جائزہ لے گی جس کے بعد امریکی سینٹ سے منظوری بھی حاصل کرنا ہوگی جہاں اکثریتی پارٹی وہ ہوگی جو جارجیا میں 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے۔

مزیدخبریں