(ویب ڈیسک) قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے چوتھے روز گروپ ای کے میچ میں اسپین نے کوسٹاریکا کو آؤٹ کلاس کردیا، حریف کو سات صفر سے مات دے دی۔
دوحا میں کھیلے گئے میچ میں اسپین کی ٹیم کوسٹاریکا پر نہ صرف شروع سے ہی حاوی رہی بلکہ وقفے وقفے سے گیند کو حریف کے جال میں بھی پہنچاتی رہی، اسپینش ٹیم نے اسکورنگ کا آغاز گیارہویں منٹ میں اولمو کے ذریعے کیا۔
یہ بھی پڑھیے: فٹبال ورلڈ کپ، کینیڈا کو بیلجیئم کے ہاتھوں ایک صفر سے مات
دوسرا گول ایسنسیو نے 21 منٹ میں کیا، اگلے دو گول فیرن ٹوریس نے 31 ویں منٹ میں پنالٹی پر اور دوسرا گول دوسرے ہاف کے 54 ویں منٹ میں کیا۔
اس کے بعد نوجوان گیوی نے 74 ویں منٹ میں ٹیم کا پانچواں گول اسکور کیا، اسپین کا چھٹا گول سولر نےجبکہ کھیل کے آخری لمحات میں موراٹا نے گیند حریف کے جال میں پہنچا کر ساتواں گول کیا۔