صدر مملکت عارف علوی کی عمران خان سے لاہور میں ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت عارف علوی کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں اہم تعیناتیوں پر مشاورت ہوئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نور خان ایئر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے۔ صدر مملکت عارف علوی نے لاہور زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات کی اور پاک فوج میں اہم تعیناتیوں سے متعلق وزیراعظم ہاؤس سے موصول ہونے والی سمری پر مشاورت کی۔ عارف علوی آج شام ہی واپس اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
یاد رہے حکومت نے عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے سمری ایوان صدر کو ارسال کی۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بنایا گیا ہے۔ سینیارٹی کو بنیاد بنا کر میرٹ پر فیصلہ کیا جبکہ کابینہ نے منظوری دی۔
قبل ازیں آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، شیری رحمان، عون چوہدری، چوہدری سالک حسین، امین الحق، شاہ زین بگٹی، مولانا اسعد محمود اور ریاض پیر زادہ شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔