تحریک انصاف کا جنرل ساحر شمشاد اور جنرل عاصم منیر کیلئے نیک خواہشات کااظہار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)افواج پاکستان میں اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کے معاملے پر تحریک انصاف نے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا،تحریک انصاف نے اعلامیہ میں کہاہے کہ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد اور چیف آف آرمی سٹاف مقرر ہونے پر جنرل عاصم منیر کیلئے تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ سامنے آ چکا ہے،تحریک انصاف کا موقف واضح ہے ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔
اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی ،ان آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ان سے ملک اور اداروں کو شدید نقصان پہنچا۔
پی ٹی آئی اعلامیہ میں مزید کہاگیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی،صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا،ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہید کر دیئے گئے۔
اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور ملک کے سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کے نتیجے ملک بدترین سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو گیا،اس سیاسی عدم استحکام نے ملک میں شدید معاشی بحران کو جنم دیا۔
فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی،عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائیگا،عوام فوج سے توقع رکھتی ہے کہ بیرونی خطرات کے ساتھ اندرونی معاملات پر عوام کی توقعات کے مطابق غیر جانبدارانہ موقف اپناتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائینگے۔
اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، پاکستان کا درد رکھنے والے تمام اداروں اور شخصیات کو انتخابات کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: جو لیڈر اپنی غلطی مان نہیں سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ