والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھا دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کلیم اختر) نگراں حکومت پنجاب نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا نام بدل کر ’پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی‘ کردیا ہے جبکہ اتھارٹی کے دائرہ اختیار کو صوبے بھر تک وسعت دے دی گئی ہے۔
والڈ سٹیز اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے کا مقصد جامع قانونی فریم ورک، پنجاب بھر کے والڈ سٹی کو مؤثر انداز میں محفوظ کرنے کیلئے خصوصی ادارہ جاتی انتظامات فراہم کرنا اور ہیرٹیج پراپرٹی کو محفوظ کرنا ہے۔
آرڈیننس کے تحت اب اتھارٹی کا نیا نام ’پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی‘ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور نے نام کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ’محسن سپیڈ‘ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک اور لقب مل گیا
ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی کامران لاشاری نے اس حوالے سے بتایا کہ اتھارٹی والڈ سٹی لاہور کی طرح پورے پنجاب کے خصوصی تاریخی مقامات اور کلچر پر کام کرے گی اور اس کو محفوظ بنانے کیلئے کوشاں رہے گی۔
اس سے قبل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پنجاب آرکیالوجی کے زیرا نتظام اہم تاریخی مقامات بشمول شالامار باغ، مقبرہ جہانگیر و دیگر مقامات اتھارٹی کے حوالے کیے گئے تھے۔